راجوری //راجوری کے ڈسل علاقے کے لوگوں نے سڑک کی خراب حالت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔ ان کاکہناہے کہ ہائی وے سے لیکر زیارت شریف براستہ ڈسل سڑک کی حالت بہت ہی دیگر گو ںہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ یہ سڑک ورکشاپ پل سے شروع ہوتی ہے اور زیارت شریف کے مقام پر اختتام پذیر ہوتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے اوراس جانب حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ ان کاکہناہے کہ سڑک پر جانوروں کا چلنا بھی محال ہے لیکن اس حال میں بھی روزانہ سینکڑوں گاڑیاں اس پر سے گزرتی ہیں ۔سنیل کمار اور پرشوتم شرما نے بتایاکہ ڈسل سیراں ، ڈسل جٹاں ، ڈسل ، مہاری ، زیارت شریف ، اپر پلولیاں ، نمبلااور کاریاں میں رہنے والی آبادی سڑک کی اس حالت سے بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر کچھ مہینوں کے بعد کھڈوں کو بھر دیاجاتاہے لیکن وہ کچھ ہی دنوں میں پھر سے پرانی حالت میں چلے جاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بارشوں کے دوران سڑک کی حالت بہت زیادہ خراب بن جاتی ہے ۔ان کاکہناہے کہ اس سلسلے میں کئی بارمتعلقہ حکام سے بھی بات کی گئی لیکن انہوںنے کوئی توجہ نہ دی اور نہ ہی پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام ہے اور نہ ہی سڑک کی مرمت کی جارہی ہے ۔انہوںنے مانگ کی کہ اس سڑک کی فوری طور پر مرمت کرائی جائے تاکہ بہت بڑی آبادی کو اس کا فائدہ مل سکے ۔ رابطہ کرنے پر ضلع انتظامیہ کے راجوری کے ترجمان نے بتایاکہ بائیس کروڑ روپے والے چوبیس کلو میٹر کے اس پروجیکٹ کیلئے ٹینڈر ایک ہفتے قبل ہی کھولے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ تکنیکی معاملات طے ہوگئے ہیں اور اب مالیاتی معاملات طے کرنے ہیں اور اگلے پندرہ سے بیس دنوں کے اندر اس کاکام شروع ہوجائے گا۔