راجوری //میونسپل کمیٹی راجوری کے افسران خواب غفلت میں ہیں جن سے موقعہ پاکر دوکانداروں اور ریڑھی فروشوں نے بازار سے گزرنے والی سڑکوں اورفٹ پاتھوں پر قبضہ جمارکھاہے ۔ راجوری میں ہر ایک گلی کوچے میں ناجائز تجاوزات رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے راہگیروں کو چلنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ ایک دو جگہوں کو چھوڑ کر ہر جگہ ناجائز تجاوزات ہیں اور اسی وجہ سے جام لگتاہے اور انہیں چلنے میں مشکل پیش آتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ فٹ پاتھ سے لیکر گلی کوچوں تک ہر جگہ کچھ لوگوں نے قبضہ جمارکھاہوتاہے اور لوگوں کو چلنے کیلئے راستہ نہیں ملتا۔ انہوںنے کہاکہ عام لوگ اس صورتحال سے بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔ونود شرما نامی ایک شہری نے بتایاکہ قبضہ جمانے میں زیادہ ہاتھ دوکانداروں کاہے جنہوںنے دوکانوںسے اپنا سامان باہر سڑک پر رکھاہواہے ۔ایک اور شہری مظفر احمد نے بتایاکہ دوکانداروں کی طرف سے آدھی آدھی سڑک پرقبضہ کرلیاجاتاہے اور سڑک کو بھی انہوںنے اپنی ملکیت سمجھ رکھاہے ۔دیگر لوگوں نے بھی اسی طرح کی شکایات کی ہیں اور ان کاکہناہے کہ میونسپل حکام سوئے ہوئے ہیں اور ان کی طرف سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ میونسپل حکام کی ذمہ داری ہے کہ غیر قانونی قبضہ کو ہٹایاجائے لیکن بدقسمتی سے وہ کوئی کارروائی نہیں کررہے اور گہری نیند میں سورہے ہیں ۔