جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اور ممبر اسمبلی نگروٹہ دیویندر سنگھ رانا نے اتوار کو کہا کہ جموں کشمیر کے پشتینی باشندہ ریاست قوانین ریاستی عوام کے وقار ، حقوق اور تشخص کے امین ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سوال صرف سٹیٹ سبجیکٹ قوانین کو تحفظ فراہم کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ ان افراد کی نشاندہی کرنا بھی لازم ہے جو جعلی سٹیٹ سبجیکٹ لے کر ریاستی عوام کے حقوق پر شب خون مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص جموں خطہ میں کئی لوگوں نے جعلی دستاویزات کی بنا پر رشوت خور افسران کے ساتھ مل کر جعلی سرٹیفکیٹ بنا لئے ہیں ان سب کو قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہئے ۔ وہ حلقہ انتخاب نگروٹہ میں تعمیری کاموں کو شروع کئے جانے کے موقعہ پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔ رانا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کو حاصل آئینی ضمانت کے تحفظ کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ حلقہ میں دو اہم سڑکوں کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے رانا نے نگروٹہ کے عوام کی ستائش کی اور کہا کہ ان ترقیاتی سرگرمیوں سے یہاں کے لوگوں کو نہ صرف آمد ور فت میں آسانی ہوگی بلکہ انہیں دیگر کئی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جھجر کوٹلی سے بڈسو وایہ چڈالی سڑک 15کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے جس سے ڈنسال کے لوگوں کو آنے جانے میں سہولیت ملے گی اسی طرح 3.5کلو میٹر طویل ارلانی تا پالی سڑک پر 8کروڑ روپے کی لاگت سے ایک پل تعمیر کیا جا رہا اور اس سے لوگوں کو دریا پار کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس کے بعد رانا نے پنچایت کنیالہ میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے بھی خطاب کیا جس دوران کارکنان نے انہیں علاقہ کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس میٹنگ میں نارائن دت شرما، سنیل کمار، دیپک شرما، وجے کمار، پنکج شرما، راجیش کمار، ہتاشو جموال، نیرج شرما، جگدیش چندر ، سبھاش چندر ، جیول لال شرما، سدیش رینا، کرن ملہوترہ، رمیش چندر اور دیگران نے نیشنل کانفرنس کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقعہ پر سوم ناتھ کھجوریہ، پرشانت کھجوریہ، انگریز سنگھ، محمد صادق، خورشید علی، موہن لال، پرتیم سنگھ، لیاقت حسین، سنجے شرما، امجد بیگ، بشیر احمد، حاجی عالم دین، بلوان سنگھ، کشوری لال، مہیش کھجوریہ، فیروز دین، جنید علی، عبدالغفور، سوہن لال، رتن سنگھ، شکیل بیگ اور گلیل سنگھ موجود تھے۔