راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے ’سوچھتا ہی سیوا‘نامی مہم شروع کی گئی ہے جس کو ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ہری جھنڈی دکھائی گئی ۔یہ مہم اگلے اٹھارہ روزتک چلے گی ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر دفترسے لیکر منڈی چوک تک طلباء کی ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں صفائی کے پیغام کو عام کرنے کے نعرے لگائے گئے ۔ واضح رہے کہ صفائی مہم پوری ریاست میں 18روزتک جاری رہے گی جس میں میونسپل کمیٹی شہری حدود میں صفائی مہم چلائے گی اور محکمہ دیہی ترقی گاؤں دیہات میں اس مہم کو آگے بڑھائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری نے ہری جھنڈے دکھاتے ہوئے کہاکہ یہ مہم اس لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ماحول اور علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں ۔انہوںنے کہاکہ ماحول کو کثافت سے پاک بنانے اور اپنے اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہر ایک کو اس مہم کا حصہ بنناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ صفائی انسانی صحت کیلئے بہت ہی اہم ہے اور اس مہم میں لوگوں کو بڑھ چڑھ کر شرکت کرنی چاہئے ۔اس موقعہ پر پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا، اے ڈی سی اے ایس چب ، سی پی او عبدالحمید ، سی ای او ، سی ایم او دیگر افسران و معززین بھی موجو دتھے ۔ضلع میں تحصیل سطح پر بھی یہی مہم چلائی گئی ۔ وہیں میونسپل کمیٹی راجوری کی طرف سے بھی اس مہم کے تحت شہرکے اندر صفائی کی گئی ۔اس موقعہ پر جہاں گندگی کے خاتمے پر زور دیاگیاوہیں لوگوں کو پیغام دیاگیاکہ وہ مومی لفافوں کا استعمال ترک کردیںتاکہ بیماریاں جنم نہ لیں ۔ ایگزیکٹوآفیسر میونسپل کمیٹی راجوری منظور احمد لون نے کہا کہ اس صفائی مہم میں جہاں ایک طرف صفائی ستھرائی کا مکمل نظم ونسق رکھا جائے گا وہیں مومی لفافوں کے استعمال سے پیداہونے والے مضر اثرات سے عام لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا ۔ محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے گائوں گائوں یہ مہم چلائی جارہی ہے ۔ وہیں ضلع میں پولیس کی طرف سے بھی اس حوالے سے مہم چلائی گئی ۔اس دوران پولیس ہیڈ کوارٹر سے ضلع پولیس لائنز تک صفائی کی گئی ۔مہم کی قیادت ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کررہے تھے جبکہ اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جسونت سنگھ اور ڈی ایس پی ڈی اے آر شازیہ میر بھی موجود تھیں ۔پولیس کی طرف سے پولیس تھانوں کی سطح پر بھی مہم شروع کی گئی ہے ۔اس دوران نوشہرہ میں بھی ایسی ہی مہم چلائی گئی ۔ وہیں گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں بھی اس طرح کی مہم چلائی گئی جو کالج پرنسپل ڈاکٹر شکیل رینہ کی قیادت میں انجام دی گئی۔