عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر ہوائی اڈے سے پیر کے روزکسی بھی باقاعدہ تجارتی پرواز نے اڑان نہیں بھری۔ سرینگر ایئرپورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ پیر اور منگل کے لیے مجوزہ ‘نوٹس ٹو ایئر مین’ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے بعد تمام ایئر لائنز اپنے فلائٹ شیڈول کو دوبارہ ترتیب دینے اور پروازوں کو بحال کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔
ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ “تبدیل شدہ ٹائم ٹیبل کو حتمی شکل دینے اور اسے شائع کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ متعلقہ ایئر لائنز کی جانب سے نیا شیڈول جاری ہونے کے بعد پیر اور منگل کی فلائٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہونے کی امید ہے۔”ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال معلوم کر لیں اور افواہوں سے بچنے کے لیے صرف سرکاری اور مستند ذرائع پر ہی بھروسہ کریں۔اتوار کے روز سرینگر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشنز عروج پر رہے :کل پروازیں: 72 (36 آمد اور 36 روانگی)،کل مسافر: 13,031 مسافروں نے سفر کیا۔آمد و روانگی کے اعدادوشمار: 6,654 مسافر وادی پہنچے ، جبکہ 6,377 مسافروں نے سرینگر سے دیگر شہروں کے لیے اڑان بھری۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے ہفتے کے روز رن وے کے مرمتی کام کے پیشِ نظر تین ماہ تک ہفتے میں دو دن فلائٹس بند رکھنے کا اپنا سابقہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ اتھارٹی کے اس اقدام سے جموں و کشمیر کی سیاحتی صنعت نے بڑی راحت کی سانس لی ہے۔