جموں//قبائلی امور اورخوراک وشہری رسدات اورامور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ سرکار امرسنگھ کالج کے متصل قبائلی لڑکیوں کے لئے ایک ہوسٹل تعمیر کرے گی۔وزیر موصوف نے ان باتوں کااظہار آج تلسی باغ میںگجربکروال بائز ہوسٹل کی مرمت وتجدید شدہ عمارت کاافتتاح کرنے کے موقعہ پر کیا جسے2014ء کے سیلاب سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ہوسٹل عمارت کا افتتاح (ایم او ایس) گجربکروال کی ترقی کے وائس چیرمین اور ممبر اسمبلی بٹہ مالو نورمحمد شیخ کی موجودگی میں کیا گیا۔عمارت کی مرمت کے تجدید کے کام پر77لاکھ روپے خرچ کئے گئے اور یہ کام 6مہینے سے بھی کم عرصہ میں پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ۔وزیر موصوف نے کہاکہ سماجی ترقی کے اہداف اُس وقت حاصل نہیں کئے جاسکتے جب تک کہ ہم خواتین کو ترقیاتی عمل میں شامل نہیں کرسکتے ۔چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ خواتین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لئے انہیں معیاری تعلیم کے نورسے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں قبائیلی لڑکیوں کے ہوسٹل کی تعمیر سے انہیں ہر ممکن شہری سہولیات دستیاب ہوں گی۔قبائیلی امور کے وزیر نے کہا کہ بیٹی بچائو،بیٹی پڑھائو کے نعرے کا مقصد اس وقت پورا ہوگا جب لڑکیوں کو ایک مناسب اورموافق ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بہتر اور معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔وزیر موصوف نے عمل آوری ایجنسی جموںکشمیر ہائوسنگ بورڈ کو ہوسٹل کی تعمیر کے لئے منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر کمشنرسیکریٹری سلمیٰ حمید،سیکریٹری ایڈمنسٹریٹو بورڈ برائے ترقی گجربکروال مختار احمد چودھری اور منیجنگ ڈائریکٹر ہائوسنگ بورڈ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔