جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل یہاں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران سرینگر اور جموں میں رنگ روڈ پروجیکٹ پر جاری کام کا جائیزہ لیا۔فائنانشل کمشنر ریونیو، ڈویثرنل کمشنر جموں، ڈائریکٹر این ایچ اے ون جے اینڈ کے، ڈپٹی کمشنر جموں اور ریاستی حکومت کے سنئیر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔ڈویثرنل کمشنر کشمیر، بڈگام، پلوامہ، سرینگر، بارہ مولہ، بانڈی پور اور گاندر بل اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے سرینگر میں رنگ روڈ پروجیکٹ کے لئے حصول اراضی کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا جہاں اگلے ہفتے متعلقہ اراضی این ایچ اے ون کے عہدیداروں کے سپرد کی جائے گی۔جموں کے بارے میں میٹنگ میں بتایا گیا کہ90 فیصد اراضی این ایچ اے ون کے سُپرد کی گئی ہے۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ حصول اراضی کے سلسلے میں معاوضہ کے طور پر خرچ کی گئی رقومات کے بارے میں یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ پیش کریں تا کہ باقی ماندہ معاوضہ واگذار کیا جاسکے۔انہوں نے این ایچ اے ون کے حکام سے کہا کہ وہ التواءمیں پڑی معاوضہ کی رقم ڈپٹی کمشنروں کے حق میں واگذار کریں تا کہ زمین مالکان کے حق میں یہ رقومات تقسیم کی جاسکیں۔