جموں//وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے سرکاری سکولوں کے نتائج میں بہتری لانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں سکولی تعلیم کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں، سپیشل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ برائے سکولی تعلیم بھی موجود تھے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ریاست کے 200 ایجوکیشنل زونز سے100 ہیڈ ماسٹر اور100 ماسٹروں کو ماسٹر ٹریننگ کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ قدم ریاست کے سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے معاون ثابت ہوگا۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ ریاست میں تعلیمی معیارمیں مزید بہتری لانے کے لئے کچھ سرکاری سکولوں کا کام کاج پبلک پرائیویٹ پارٹنر شِپ موڈ کے تحت ہاتھ میں لیا جائے گا ۔امیتابھ مٹو نے سرکاری سکولوں میںمعیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے سرکاری سکولوں میں مسابقتی تعلیمی نظام کو بھی معروض وجود میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری سکولی تعلیم نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے41 ہیڈ ماسٹروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔