پونچھ//پونچھ قبضہ میں سرکاری اور غیر سرکاری زمینوں پر ناجائز تجاوزا ت کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔لوگ اپنے ذاتی مفادات کے لئے دوسروں کو پریشانیوں میں مبتلا کر دیتے ہیں۔کچھ عرصہ پہلے محلہ کماں خان کے لوگوں کی جانب سے بھی ایک احتجاجی مطاہرہ کیا گیا تھا جہاں لوگوں نے کچھ لوگوں پر الزام لگایاتھا کہ وہ پونچھ قصبہ میں پانی کے نکاسی نالوں پر ناجائز تجاوزات کر کے وہاں تعمیرات کر رہے ہیں لیکن اس سلسلہ میں ابھی تک کچھ نہیں کیا گیا۔اب پونچھ ڈیولپمنٹ فرنٹ کی جانب سے نیشو شرما کی قیادت میں بس اڈہ پر آنند ہوٹل کے بالکل ساتھ محکمہ تعمیرات عامہ کے سٹور کی جگہ پر کچھ لوگوں کی جانب سے سرکاری اراضی پر کئے گئے ناجائز قبضہ کو لیکر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں انہوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ناجائز تجاوزات کو ہٹایا جائے۔اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آنند ہوٹل کے علاوہ جہاں بھی سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کئے گئے ہیں، کو فوراً ہٹایا جائے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے ایک ٹیم تشکیل دیں اور جہاں بھی ناجائزتجاوزات کھڑی کی گئی ہیں، کو زبردستی ہٹانے کی ہدایات دیں تاکہ پونچھ جیسے تاریخی شہر کی رونقیں بحال ہوسکیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد از جلد ناجائز تجاوزات نہ ہٹائی گئیںتو وہ دوبارہ احتجاج کریں گے اور پھر وہ بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے سے گریز نہیں کریںگے۔