سرنکوٹ//سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے ،بفلیاز، درابہ، پونی کھیت ،سیلاں، بہرام گلہ، چندی مڑھ علاقوں کادورہ کرکے عوامی مسائل سنے اور ساتھ ہی حالیہ عرصہ میں ہوئی اموات پر تعزیت پرسی کی ۔اس دوران جگہ جگہ بخاری کا پارٹی کارکنان نے استقبال کیا اور انہیں اپنے مسائل سے روشناس کرایا۔بخاری نے کارکنان پر زور دیاکہ وہ لوگوں کے مسائل اجاگر کرتے رہیں اور اچھے دور کا انتظار کریں ۔ انہوںنے کہاکہ مخلوط حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور مسائل حل ہونے کے بجائے مزید الجھ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ کے لوگوں کی مثال یتیموں کے جیسی ہے جن کا کوئی پرسان حال نہیں اور نہ ہی کوئی سہارا ہے ۔بخاری نے کہاکہ جموں کشمیر حکومت ناگپور سے چل رہی ہے اور یہاں ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں جن سے عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹ سکے ۔انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں تعمیروترقی کے کام وہیں رکے ہوئے ہیں جہاں انہوںنے چھوڑے تھے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت سے لوگ اکتاچکے ہیں اور اب آنیوالے دور یقینا نیشنل کانفرنس کا ہے ۔