سرنکوٹ// سرنکوٹ میںنیشنل کانفرنس کا ماہا نہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ سرنکوٹ کے لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کاسامناہے اور ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہی ہوتاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو راشن نہیں مل رہا اور حکام خواب غفلت میں ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ یہی نہیں ریاستی سرکار نہ صرف ملازموں کو بلکہ ہرایک شخص کیلئے پریشانی کا سبب بنی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کی قیادت والی سرکار ناگپورکے اشاروں پر چل رہی ہے اور آج کشمیر میں لگی آگ وزیر اعلیٰ کی دین ہے۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ روز بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہواجس کے بعداگرچہ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے علاقے کادورہ کیا تاہم ابھی تک امداد کی فراہمی کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کی حکومت کے بجائے ریاست میں گورنر راج ہی بہتر ہے تاکہ لوگوں کی جانیں تو بچ سکیں اوران کو انصاف ملے ۔کارکنان نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ایک تحریک ہے جو ریاست کے تشخص کو محفوظ رکھ سکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ میں پارٹی کو مضبوط بنایاجائے ۔ اس دوران بلاک صدر سرنکوٹ طارق منہاس ،شفیع محمد چاڑک ،عبدالحمید خان، شبیر حسین شاہ ،حمید رانا ودیگران بھی موجودتھے ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ اس میٹنگ میں پارٹی کے سینئر نائب صدر سید مشتاق بخاری کو بھی شریک ہوناتھاتاہم وہ کسی ضروری کام کی وجہ سے شریک نہیں ہوپائے لیکن یہ اجلاس ان کی ہدایت پر ہر پانچ تاریخ کو ہوتارہے گا۔