پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے کہا ہے کہ اگر حدِمتارکہ پر کشیدگی کے سبب وہاں کے رہائشی خود کو محفوظ نہیں سمجھ رہے ہیں تو اُنکے لئے محفوظ مقامات پر انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لگاتار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی وجہ سے انہوں نے پہلے ہی حدِ متارکہ کے تمام اسکولوں کو چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات بنائے جانے کے سلسلہ میں چلائی گئی پونچھ راولاکوٹ بس سروس اور آر پار تجارت بھی پاکستان کی ہی جانب سے پچھلے دو ہفتوں سے بند ہیں جبکہ ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے دونوں ہفتوں کو کوشش کی گئی کہ یہ سلسلہ جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ راولاکوٹ کے راستے چلائی جا رہی تجارت اور بس سروس دوبارہ بحال ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ پونچھ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ وہ حدِ متارکہ کے قریب کے رہائشیوں کو ہر طرح کی امداد کرے اس کے لئے انہوں نے ان علاقوں میںخصوصی ایمبولینس لگائی گئی ہیں اور دیگر طبی سہولیات کو بھی مہیا رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا انتظامیہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ا گر حالات زیادہ کشیدہ ہو جاتے ہیں تو انتظامیہ کی جانب سے سرحدی رہائشیوں کے لئے محفوظ مقامات پر رہائش کے انتظامات کئے گئے ہیں جہاں انہیں ٹھہرایاجائے گا۔