جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے آج مانسر موڈ سانبہ میں ڈی ایف او کے دفتر کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس دوران انہیں بتایاگیا کہ 2800مربع فٹ پر محیط ایک کمپلیکس 58لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا او ر اس سے ایک برس کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔رکن اسمبلی سانبہ دویندر منیال، پی سی سی جنگلات روی کیسر ، چیئرمین سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ بی سدھارتھا کمار کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لال سنگھ نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے ہر ایک کونے میں بہتر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات قائم کرنے کے لئے وعدہ بند ہے تاکہ مختلف محکموں کے افسران اور اہلکار موثر ڈھنگ سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔وزیر نے کہاکہ ریاست میں جنگلاتی اراضی کا ایک اچھا خاصا حصہ لوگوں نے اپنے ناجائز قبضے میں رکھا ہے اور اب یہ محکمہ کی ہر ایک وِنگ کی ذمہ داری ہے کہ اس پر سے ناجائز قبضہ ہٹوائیں۔انہوںنے کہا کہ بازیاب کی گئی اراضی کی تار بندی کی جانی چاہیئے اور اس پر شجر کاری کی جانی چاہیئے تاکہ اس پردوبارہ قبضہ نہ کیا جاسکے۔لال سنگھ نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی افسروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو محکمہ جنگلات کے کام کاج میں مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات تجویز کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی کی سفارشات سامنے آنے کے بعد حکومت مزید کارروائی عمل میں لائے گی۔