راجوری // محکمہ پی ایچ ای میں کئی سال سے کام کرنے والے عارضی ملازمین کو نظرانداز کرکے افسران کے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کو فائدہ دینے کا الزام عائد کیاگیاہے ۔ اس سلسلے میں راجوری میں احتجا ج کیاگیاجس دوران مظاہرین نے الزام لگایاکہ حقیقی معنوں میں کام کرنے والے ملازمین کو نظرانداز کردیاگیاہے جبکہ ان کی جگہ افسران اور کلرکوں کے گھر وں میں کام کرنے والوں کو شامل کیاگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس فہرست میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اس لئے اس کو از سر نو مرتب کیاجائے اور حقداروں کو ان کا حق دیاجائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے این سی کارکن سعیدجٹ نے کہاکہ ریاستی سرکار کی طرف جب فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تو محکمہ نے جعلی فہرستیں تیار کرکے زمینی سطح پر کام کرنے والے ملازمین کو نظرانداز کردیااوران میںکلرکوں اوردیگر آفیسران کے گھروں میں کام کررہے نوجوانوں کوشامل کیاجو سراسر زیادتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں انکوائری کی جائے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو۔