جموں//سی پی آئی (ایم) لیڈراورممبراسمبلی کولگام محمدیوسف تاریگامی نے فرقہ پرستوں کی ایک تنظیم کی جانب سے ترنگے جھنڈے کاسہارالے کر کٹھوعہ میں 8سالہ بکروال بچی کی عصمت ریزی اورقتل کے ملزمان کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کو انتہائی شرمناک اور انسانی اقدارکے منافی قراردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ریلی جموں وکشمیرکیلئے خطرات کاپیشہ خیمہ ہے ۔ہندوایکتامنچ نے ملزم کی حمایت کرکے اپنے فرقہ پرست عزائم کوعیاں کردیاہے ۔اتناہی نہیں ریلی کے دوران ترنگے جھنڈے کااستعمال کرکے ترنگے کی توہین کی گئی جوکہ نہایت بدقسمتی کی بات ہے۔ تاریگامی نے کہاکہ جموں میں کچھ فرقہ پرست عناصر سنگین جرم کومذہبی رنگت دینے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف لوگوں بلکہ سیاستدانوں کوبھی سیاست اورنظریاتی اختلافات سے بالاترہوکرکٹھوعہ جیسے وحشت ناک سانحات کے خلاف متحدہونے کی ضرورت ہے لیکن حکومت کوملزمان کو بغیرکسی ہچکچاہٹ کے سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ ملزمان کی حمایت میں ریلیاں نکالنے والے فرقہ پرست عناصر جوجموں کے پرامن ماحول کو فرقہ پرستی کے زہرکوگھولنے کی کوشش میں ہیں کوالگ تھلگ کیاجاناچاہیئے۔فرقہ پرستوں کی ریلیوں سے جرائم پیشہ افرادکی حوصلہ افزائی ہوگی اورریاست میں حالات قابوسے باہرہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ میڈیاکے کچھ حلقوں میں شائع رپورٹوں کے مطابق بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے ہیرانگرنے ہندوایکتامنچ کی میٹنگ میں شرکت کی جوکہ حددرجہ افسوسناک ہے اورشرمناک بھی۔انہوں نے کہاکہ ہندوایکتامنچ کی میٹنگ میں بی جے پی ایم ایل اے کی شمولیت سے بی جے پی کے اصلی چہرے سے نقاب اُتررہاہے ۔