منڈی //ریجنل ڈائریکٹر سروے اور زمینی ریکارڈ برائے خطہ پیر پنچال سید شوکت حسین کاظمی نے پونچھ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے جدید طرز پر بنائے جا رہی ریکارڈ عمارت کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ ضلعی مقام پونچھ میں 23۔114 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے دو منزلہ عمارت کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ عمارت کا ڈھانچہ کھڑا کر دیا گیا ہے اور اندرونی دیواروں اور دیگر کی تعمیر بھی ہورہی ہے۔اس موقعہ پرشوکت کاظمی کو بتایاگیاکہ اگر رقومات کی فراہمی وقت پر رہی تو اگلے دو ماہ کے اندر عمارت کو مکمل کر لیا جائے گا۔کاظمی نے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عمارت کو کم سے کم عرصہ میں مکمل کر کے محکمہ کو سونپ دیںتاکہ پرانے ریکارڈ روم (محافذخانہ) سے قیمتی ریکارڈ یہاں منتقل کر کے اسے مزید بربادی سے بچایا جاسکے۔ انہوں بت مزید کہاکہ وہ حکام بالا سے رجوع کر کے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بقایا رقومات کی فراہمی وقت پر ہو۔ اس دوران تحصیلدار حویلی جہانگیر خان، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرآفتاب انور اور جونیئر انجینئرامجد قریشی بھی موجودتھے۔اس سے قبل ریجنل ڈائریکٹرنے تحصیل دفتر حویلی کا دورہ کرکے وہاں پر تحصیلدار حویلی اور سروس دہندہ کے نمائندوں کی موجودگی میں دستاویزات کی سکیننگ کے عمل کا جائزہ لیا اور یہ ہدایت جاری کی کہ سکین شدہ دستاویزا ت کے معیار کی جانچ کے لئے مزید تربیت یافتہ عملہ کی تعیناتی کی جائے۔