راجوری// جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے مرکز ی سرکار کو خبر دارکرتے ہوئے کہاہے کہ ریاست جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کیساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کے نہایت سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔یہاں جاری بیان کے مطابق راجوری میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر حریّت لیڈر اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے جس میں انہوں نے بھارت میں جموں کشمیر کی مکمل انضمام کی وکالت کی ۔انہوںنے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کبھی بھی تاریخ میں بھارت کا حصہ نہیں رہا اور 27اکتوبر 1947کوجموں کشمیر میں بھارتی افواج داخل ہونے کے بعدنئی دلی نے کشمیر کو عارضی طور اپنے زیر انتظام لے لیا اور اسی طرح ریاست کا ایک حصہ پاکستان کے زیر انتظام چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ریاست کا سیاسی مستقبل طے ہونا باقی ہے۔پیپلز مومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیری قوم گزشتہ ستر برسوں سے سیاسی غیر یقینی کی صورتِ حال سے دوچار ہے جس کے خاتمے کے لئے ریاست کے لوگ استصوابِ رائے کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ریاست کی متنازعہ حیثیت کے ساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔ حریت رہنما نے موہن بھاگوت کو کو مخاطب ہوکرکہا کہ وہ بھارت میں کشمیر کے مکمل انضمام کی باتیں کرنے کے بجائے بھارت سرکار پر دباو¿ ڈالےں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن اور پائدار حل تلاش کرنے کے لئے ساز گار ماحول تیار کریں۔