سرنکوٹ //زونل ایجوکیشن افسر سرنکوٹ کے ہاتھوں رہبر تعلیم کے ان اساتذہ کو مستقلی کے آرڈر دیئے گئے جنہوںنے اپنی پانچ سالہ مدت ملازمت پوری کرلی ہے ۔ اس موقعہ پر زونل ایجوکیشن افسر سید الطاف حسین شاہ بخاری کے علاوہ زونل پلاننگ افسر غلام محمد ، رہبر تعلیم ٹیچر فورم ککے ضلع صدر سید شاہنواز ،تحصیل صدر بدرالدین راتھر اور زونل صدر سید یوسف شاہ و فورم کے دیگر ارکان بھی موجو دتھے ۔رہبر تعلیم اساتذہ نے زونل ایجوکیشن افسر کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ نے بہت ساری مشکلات سے نبردآزماہوتے ہوئے بچوں کی تعلیم وتربیت کی اور اپنے فرض منصبی کو انجام دیتے رہے ۔ انہوںنے کہاکہ اساتذہ کو اپنے سماج میں اپنی تہذیب اور ثقافت کو بھی برقرار رکھنا ہے ۔اس موقعہ پر انہوںنے حکام سے اپیل کی کہ ان کی بقایا جات ادا کی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ صرف سرنکوٹ میں چھ کروڑ روپے بقایا ہے اور پونچھ کے گیارہ زونوں کا چھیاسٹھ کروڑ روپے باقی ہے جسے فوری طور پر واگزار کیاجائے ۔اس موقعہ پر زیڈ ای او نے اساتذہ کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ ذمہ داریوں کو فرض سمجھ کر ادا کریں اور طلباء کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔