جموں//نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر و سابق ممبر اسمبلی بملہ لوتھرانے کہاہے کہ پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔لوتھرا نے کہا کہ ریاست میں اس وقت امن و قانون کی حالت ابتر ہے جس کی وجہ سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔رسانہ کے وحشیانہ قتل اور عصمت ریزی میں ملوث درندوں سے بھی بد تر مجرموں کو عبرت ناک سزادینے کے سلسلے میں ایک احتجاجی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے بملہ لوتھرا نے کہا کہ اس معاملے کو سیاسی اور فرقہ وارانہ رنگت دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔لوتھرا نے کہ ایک طرف تو بی جے پی بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کا ڈھنڈورہ پیٹ رہی ہے تو دوسری طرف اس گھنائونے جرم میں ملوث مجرموں کی حمایت میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں تخریب پسند طاقتوں کو کھلی ڈھیل ملی ہوئی ہے اور ان کی امن و قوم دشمن سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی ریاست کی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے ریاست و ملک کی یکجہتی اور عوام کی خوشحالی کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں جس کی تاریخ گواہ ہے۔اہل جلوس ہاتھوں میں کتبے لئے ہوئے مخلوط سرکار کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے اور عصمت ریزی اور قتل میں ملوث مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔یہ احتجاجی جلوس شیر کشمیر بھون سے شروع ہوا اور مختلف بازاروں بشمول رگھوناتھ بازار، سٹی چوک اور شالیمار روڈ سے ہوتا ہوا سول سیکرٹریٹ کی جانب روانہ ہوا مگر یہاں موجود پولیس کے دستوں نے اہل جلوس کو آگے جانے سے روک دیا ۔اس جلوس میں دلشادہ بیگم،وینا اوبرائے اور دیگر خواتین شامل تھیں۔