انقرہ//ترک میڈیا نے استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر صدر رجب طیب اردوان کے انتخابی جلسے کو صدی کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ قرار دے دیا، جس میں 17 لاکھ لوگ شریک ہوئے۔تفصیلات کے مطابق ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 7 مئی کو استنبول میں ہونے والا انتخابی جلسہ صدی کا بڑا جلسہ تھا، جس میں 1.7 ملین افراد نے شرکت کی، جسے دیکھتے ہوئے نہ صرف اردوان کی مقبولیت کا پتا چلتا ہے بلکہ چند دن بعد ہونے والے انتخابات میں ان کی پوزیشن بھی مستحکم دکھائی دیتی ہے۔ترکیے میں 14 مئی کو الیکشن ہوں گے، اگرچہ گزشتہ دنوں ہونے والے عوامی پولز میں بتایا گیا کہ اردوان پر ان کے سیاسی حریف کمال قلیچ دار اوغلو کو تھوڑی سی برتری حاصل ہے، تاہم اردوان کی آق پارٹی کے حالیہ جلسے نے ان کی مقبولیت کا ایک اور ثبوت دے دیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ اپوزیشن اتحاد کو ملک کو تقسیم کرنے کا موقع نہ دیں۔ واضح رہے کہ ری پبلیکنز پیپلز پارٹی کی قیادت میں 6 پارٹیوں پر مشتمل اپوزیشن کی نیشنل الائنس کی جانب سے کمال قلیچ دار اوغلو صدارت کے امیدوار ہیں۔