راولپنڈی//راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے روک دیا گیا جب کہ آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 271 رنز بنالئے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان پر 138 رنز بنالئے جس کے بعد ڈیوڈ وارنر ساجد خان کے ہاتھوں 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جب کہ عثمان خواجہ بھی 97 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر امام الحق کا شکار بنے۔ دونوں نے 165 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ آسٹریلیا کے کھلاڑی مارنوس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور مجموعی 271 رنز بنالئے تاہم خراب روشنی اور بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ مارنوس لبوشین 69 اور اسٹیو اسمتھ 24 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ گزشتہ روز کنگروز کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور بغیر کسی نقصان 5 رنز بنالیے تھے تاہم خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔ پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 245 بنارکھے تھے۔ پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا، سابق کپتان اظہر علی نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 185 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گرگئی اور اوپنر امام الحق 157 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اظہر علی اور امام الحق نے 208 رنز کی شراکت داری کی۔ پاکستان نے چائے کے وقفہ تک 2 وکٹوں پر 394 رنز بنائے۔ وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی۔ نتھن لائن ، پیٹ کمنز اور مارنوس لابو شین نے ایک ایک وکٹ لی۔