جموں//ریاست کیلئے مرکزکے خصوصی مذاکرات کار دنیشور شرما نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے ریاست میں امن اور معمول کے حالات برقرار رکھنے سے جُڑے امور پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے انتظامیہ کو مزید فعال بنانے سے جُڑے معاملات کو بھی زیر بحث لایا ۔ اس دوران سکاسٹ جموں کے وائس چانسلر ڈاکٹر پردیپ کمار شرما نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں یونیورسٹی اور کرشی وگیان کیندروں کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے ڈاکٹر شرما کو صلاح دی کہ وہ اس طرح کی ٹیکنالوجی کی طرف توجہ دیں جس کی بدولت کسانوں کی آمدن دوگنا کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے تعلیمی پروگراموں کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے موافق تحقیقی پروگرام عملانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ ادھرشری امر ناتھ یاترا بھنڈارا آرگنائیزیشن کے ایک وفد نے اس کے صدر رنجن کپور کی قیادت میں گورنر این این ووہرا جو شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے یاترا کے حوالے سے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ کو ہدایت دی کہ وہ ایس اے وائی بی او کی تجاویز پر غور کریں تا کہ یاترا کو مزید احسن طریقے سے انجام دیا جا سکے ۔دریں اثناء آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چئیر مین پروفیسر انل سہاسرا بودھے نے آج راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کو اے آئی سی ٹی ای کی سرگرمیوں اور ریاست میں تکنیکی تعلیم میں بہتری لانے کے حوالے سے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے گورنر جو ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں ، کو صلاح دی کہ وہ سٹارٹ اپ مشن کی کوششوں کو مربوط اور ادارہ جاتی بنانے میں مدد کریں تا کہ یہاں کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو موثر ڈھنگ سے بروئے کار لایا جا سکے ۔ گورنر نے ریاست کے نوجوانوں اور ابھرتے ہوئے کارخانہ داروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں پروفیسر سہاسرا بودھے کی کوششوں کی سراہنا کی ۔ اس دوران کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کی وائس چانسلر پروفیسر انجو بھسین نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران وی سی نے گورنر کو اس یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کالجوں میں معیارِ تعلیم میں بہتری لانے اور نئے کورس متعارف کرنے کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے کہا کہ جموں اینڈ کشمیر کلسٹر یونیورسٹیوں کے کامیاب کام کاج سے ریاست میں اعلیٰ تعلیمی سہولیات میں کافی حد تک بہتری آئے گی ۔