راجوری // درہال کی عوام نے راجوری درہال روڈ کی مرمت نہ کئے جانے پر احتجاجی دھرنا دیا جو صبح سے لیکر 3بجے تک جاری رہا ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ راجوری درہال سڑک کی مرمت نہ کرکے محکمہ تعمیرات عامہ عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی کررہا ہے اورراجوری حلقہ انتخاب جہاں ختم ہوتا ہے وہاں تک سڑک کی مرمت کی جاچکی ہے تاہم اس سے آگے کام نہیں کیاجارہاجس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ کام سیاسی بنیادوںپر ہواہے۔ عمر مرزا ، عرفان ملک، ساجد ملک وغیرہ نے بتایاکہ سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ اس پر پیدل چلنا بھی ناممکن ہے لیکن محکمہ تعمیرات عامہ سڑک کی مرمت پر غیر سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار محکمہ اور ڈپٹی کمشنر راجوری سے وفود ملے لیکن کوئی بھی پیش رفت نہیں کی گئی اورانہوںنے مجبورہوکر آج احتجاج کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو گاڑیاں صبح راجوری کی طرف روانہ ہوتی ہیں ،انہیںواپسی پر ہزاروں کا نقصان ہوجاتاہے کیونکہ سڑک نالے کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکام درہال کی عوام کو درپیش مسائل پرسنجیدہ نہیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ وہ درہال کی عوام کو درپیش مسائل کے ممکنہ حل کے لئے اقدامات کریں ۔ اس موقعہ پر ایگزیکٹوانجینئرموقعہ پر پہنچے اورانہوں نے یقین دلایا کہ وہ کل صبح ہی روڈ کی مرمت کا کام شروع کردینگے جس کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کیا گیا ۔ وہیں اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے کہاکہ چونتیس کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ کو عدالت اور ٹینڈر سے کلیئر کردیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ مالیاتی طریقہ کار مکمل ہوگیاہے اور اس پروجیکٹ کو پھر سے پیش کیاگیاہے جس پر کسی بھی وقت کام شروع کیاجاسکتاہے ۔اس پروجیکٹ کا نام کسیاں ۔تھنہ منگ ۔ درہال ۔پروڑی رکھاگیاہے ۔