راجوری //ضلع ہیڈ کوارٹر راجوری کیساتھ ساتھ ضلع کے دیگر قصبوں میں قائم کر دہ بس سٹینڈوں میں مسافروں کیلئے بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں رکھی گئی ہیں جس کی وجہ سے قصبوں میں آنے والے مسافروں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ضلع کے سبھی سٹینڈوں پر مسافروں کے شیڈ، بیٹھنے کے انتظامات اور یہاں تک کہ پینے کے پانی کی بھی مناسب سہولت نہیں ہے۔ راجوری ضلع کئی قصبوں اور دیہی علاقوں پر مشتمل ہے جن میں شہروں میں راجوری ٹاؤن، تھنہ منڈی، کالاکوٹ، نوشہرہ اور سندربنی شامل ہیں۔ان تمام قصبوں کے ساتھ ساتھ ضلع کے کوٹرنکہ، بدھل، درہال اور منجاکوٹ سمیت دیگر گنجان آبادی والے علاقوں میںبسیں اور منی بسیں مختلف راستوں پر چلتی ہیں اور ہزاروں لوگ گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں لیکن ان جگہوں پر بھی مسافروں کیلئے معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جاسکی ہیں ۔کوٹرنکہ کے رہائشی محمد جاوید نے بتایا کہ بس سٹینڈ ایک نمایاں جگہ پر ہونے کیساتھ ساتھ نقل و حمل کا ایک مرکز بھی ہو تا ہے جبکہ دہلی جیسے شہروں کے بس سٹینڈ پر مفت وائی فائی ودیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں لیکن ضلع میں مسافروں کی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجوری میں بس اسٹینڈ کو برقرار رکھنے کا کوئی مناسب منصوبہ نہیں ہے اورہر جگہ پر کوڑاکر کٹ ہی دیکھائی دیتا ہے ۔راجوری کے ستیش چندر نامی ایک شخص نے مسافروں کی پریشانی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ان کے بیٹھنے کا کوئی بندوبست ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک عمر کے لوگ گھنٹوں بس سٹینڈوں پر کھڑے رہ کر لوگوں کا انتظار کرتے ہیں ۔نوشہرہ کے ایک منی بس ڈرائیور سنیل کمار نے کہا کہ نوشہرہ کے بس سٹینڈ پر بنیادی سہولیات کا فقدان نہ صرف مسافروں بلکہ ٹرانسپورٹرز کے لیے بھی مشکلات کا باعث ہے۔مقامی لوگوں و مسافروں نے بس سٹینڈوں پر بنیادی سہولیات دستیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔