راجوری //الہدٰی ایجوکیشنل ٹرسٹ چیئرمین امیرمحمدشمسی نے کہاہے کہ گذشتہ روز ضلع انتظامیہ کی طرف سے آنگن واڑی سنٹروں کا اچانک معائنہ کیاگیا جو خوش آئندبات ہے لیکن اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جانی چاہئے تاکہ خزانہ عامرہ پر ایسے مراکز کا بوجھ کم ہوسکے جو بغیر کسی مقصد کے کھلے ہوئے ہیں۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شمسی نے کہاکہ وہ ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ضلع بھر کے تمام آنگن واڑی سنٹروں کی مکمل انکوائری کرائیں تاکہ لوگوں کے سامنے یہ بات آشکار ہوسکے کہ ان مراکز کا فائدہ کیاہے اور وہ راشن کہاں جارہاہے جو ان مراکز کو دیاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں نے آنگن واڑی سنٹر صرف گھرچلانے اور رشتہ داروں کو راشن ہدیہ میں دینے کے لئے منظورکرائے ہوئے ہیں جو افسوسناک امر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اکثر آنگن واڑی سنٹروں میں بچوں کی تعدادبالکل کم ہے جبکہ کچھ ایسے مراکز بھی ہیں جن میں رجسٹروں میں تو بچے بہت درج ہیں لیکن حقیقی معنوں میں ان کی تعداد اتنی نہیں ہوتی ۔ ا ن کاکہناتھاکہ اب بچوں کے مراکز میں آنے کی کوشش بھی نہیں کی جاتی ہے اور یہ مراکز ذاتی مقاصد کیلئے استعمال ہورہے ہیں اس لئے اس سلسلے میں جامع تحقیقات کرانے کی ضرورت ہے ۔