راجوری // راجوری کے ڈاک بنگلہ میں کانگریس پارٹی کی ماہانہ میٹنگ ضلع صدر سائیں عبدالرشید کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں کارکنان نے ریاستی سرکار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وادی میں حالات کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل بات چیت میں ہی مضمر ہے ۔اپنے خطاب میںسائیں عبدالرشید نے کہا کہ سرحدی متاثرین کے حق میں بھی ریاستی سرکار کو ٹھوس اقدامات کرنے کیلئے تیار نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ بچوں کی تعلیم ضائع ہورہی ہے اور لوگ بے گھر ہونے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ سرحدی گاؤں سے گولہ باری کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کے لئے کیمپوں میں معقول انتظام رکھا جائے ۔ انہوں نے راجوری قصبہ میں پارکنگ کی سہولیات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ قصبہ میں سب سے بڑی مشکل پارکنگ کی عدم دستیابی ہے جو ٹریفک جام کا سبب بنتی ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے مانگ کی کہ وہ اس سلسلے میں خصوصی توجہ دیں ،اگر وہ آرمی سے بات کرکے غیر ضروری تار بندی کرکے پانچ سے سات فٹ روڈ کے کناروں پر جگہ حاصل کریںتو اس کو پارکنگ کیلئے استعمال کیاجاسکتاہے۔ عبدالرشید نے کہا کہ اگر آرمی عام لوگوں کی اراضی پر اپنی مرضی سے غیر قانونی قبضہ کرسکتی ہے تواسے یہ زمین چھوڑنے میں کیا مشکل ہے ۔اس دوران پارٹی کارکنا ن نے حال ہی میں تعینات ہوئے ایس ایس پی یوگل منہاس سے ملاقات کرکے ان کا خیر مقدم کیا۔