راجوری //محکمہ مال نے راجوری میں 41,033کنال سے زائد سرکاری اراضی کی نشاندہی کی ہے جس پر شجرکاری کرکے اسے تحفظ دیاجائے گا اور یہ زمین محکمہ جنگلات کی زمین کے متبادل ہوگی جہاں موجودہ اور آئندہ تعمیراتی کام ہوسکتے ہیں ۔اس حوالے سے فیصلہ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی صدارت میں ہونے والی ایک میٹنگ کے دوران کیاگیا۔یہ زمین محکمہ مال کی ایک ماہ تک جاری رہنے والی مشق کے بعد شناخت کی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ 41,033کنال اراضی کی شناخت کرلی گئی ہے جسے اب تحفظ دینے کیلئے اس پر شجرکاری کی جائے گی۔اس زمین کے اردگرد دیوار بندی کی جائے گی اور اس کے اندر شجرکاری ہوگی ۔ذرائع نے بتایاکہ اس اراضی میںسے 4852کنال تحصیل تریاٹھ میں ہے جبکہ 3488کنال اراضی کوٹرنکہ میں واقع ہے ۔اس کے علاوہ منجاکوٹ میں 313کنال ، راجوری میں 5725کنال ، سندر بنی میں 14545کنال ، تھنہ منڈی میں 1430کنال ، کالاکوٹ میں 1530کنال ،درہال میں 1602کنال ،نوشہرہ میں 1037کنال ،سیوٹ میں 359کنال ، خواس میں 2523کنال اور تحصیل قلعہ درہال میں 3624کنال اراضی واقع ہے ۔اس اراضی کی دیوار بندی اور شجرکاری کیلئے مرحلہ وار طور پر ایک منصوبہ مرتب کیاگیاہے ۔اس میںسے لگ بھگ 10,000کنال اراضی محکمہ جنگلات کیلئے رکھی جائے گی جس کی دیکھ ریکھ محکمہ کی ذمہ داری ہوگی اور اس اراضی کو سڑکوں کی تعمیر وغیرہ کیلئے محکمہ جنگلات کے ساتھ تبدیل بھی کیاجاسکے گا۔اس سے جہاں زمین کا معاوضہ دینے پر خرچ آنے والی کروڑوں روپے کی رقم کی بچت آئے گی وہیں تعمیراتی پروجیکٹ بھی تعطل کاشکارنہیں بنیںگے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری کی صدارت میں ایک کمیٹی نے ضلع میں بیس ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں کمیونٹی پیٹرول پمپ بنائے جائیںگے ۔اس سلسلے میں ذرائع نے بتایاکہ راجوری تحصیل میں 3،خواس میں1،منجاکوٹ میں2،کوٹرنکہ میں2،کالاکوٹ میں1،نوشہرہ میں2،سندر بنی میں2،بیری پتن میں2،تریاٹھ میں 2،درہال ،قلعہ درہال اور تھنہ منڈی میں ایک ایک پیٹرول پمپ بنے گا۔اس میٹنگ میں حال ہی میں شروع کئے گئے ’’تعمیر‘‘پروجیکٹ کی خاطر 100میںسے 91سکولوں کی عمارتوں کیلئے بھی زمین الاٹ کرنے کو منظوری دی گئی تاکہ بغیر عمارتوں کے سکولوں کیلئے عمارات کا بندوبست کیاجاسکے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے سڑک کناروں اور دیگر جگہوں پر ناجائز تجاوزات کو ہٹانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر قابضین کے خلاف کارروائی نہ ہوئی توپھر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ممتاز علی ،اے سی آر پرمجیت سنگھ اور تحصیلدار بھی موجو دتھے۔