راجوری //راجوری کے نوشہرہ اور درہال علاقوں میں دو نوجوانوں کی زہر خوردنی کی وجہ سے موت واقع ہوگئی ہے ۔انیس سالہ بارک حسین ولد محمد اقبال ساکن تھنہ منگ درہال نے کوئی زہریلی شے کھالی جس کی وجہ سے اس کی حالت بگڑنے لگی ۔اسے فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر درہال لایاگیاجہاں سے ڈاکٹروں نے اسے راجوری ہسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا ۔نوجوان کو راجوری ہسپتال تو پہنچایاگیاتاہم وہ وہیں دم توڑ گیا۔اسی طرح سے کوشل کمار ولد گنگا رام ساکن بریری نوشہرہ نے بھی کوئی زہریلی شے نگل کی جس کے بعد اسے نازک حالت میں سب ضلع ہسپتال نوشہرہ لایاگیاجہاں سے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاتاہم راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا۔ دونوں معاملات میںپولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔