راجوری//بھیڑ و پشو پالن او رماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے ضلع راجور ی کے ارگی علاقے میں مِلک ولیج کا افتتاح کیا۔ بھیڑ پالن محکمہ کے اس پروجیکٹ کے تحت مذکورہ دیہات کے 50مخصوص مستحقین کو جدید خطوط پر ڈیری فارم قائم کرنے کے لئے 100فیصد سبسڈی دی جائے گی۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ریاست کے 50دیہات میں ڈیری مویشیوں کے ساتھ ڈیری یونٹ قائم کئے جائیں گے او رہر دیہات میں اس کے لئے 50 مستحقین منتخب کئے جائیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد ریاست خصوصاً ضلع راجوری میں دودھ کی پیداوار اور مانگ میں پائی جانی والی تفاوت کو دور کرنا ہے۔بعد میں وزیر موصوف نے ارگی میں ایک میٹنگ طلب کی جس میں ارگی اور ملحقہ دیہات کے تقریباً 250افراد نے شرکت کر کے وزیر موصوف کو اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔لوگو ںکے مسائل بروقت حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر موصوف نے افسران نے فیلڈ دورے کرنے کی تلقین کی تاکہ لوگوں کودرپیش مسائل کی جانکاری حاصل کی جاسکے ۔جوائنٹ ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری وائی ڈی شرما اور اے سی آر عبدالقیوم کے علاوہ کئی دیگر افسران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔دریں اثناء کوہلی نے کہا ہے کہ حکومت کالا کوٹ کو سیاحتی نقشے پر لانے کی کوشاں ہے اور اس علاقے میں بڑے سیاحتی پروجیکٹوں کی ترقی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار کالا کوٹ میں مصنوعی جھیل اور تتا پانی میں سیاحتی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے مجوزہ جگہ کا دورہ کر نے کے دوران کیا۔ انہوں نے تتا پانی میں موجودہ سیاحتی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے یہاں گرم چشموں کی سہولیت کو ترقی دینے کے لئے افسران کو تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے تتا پانی میں سیاحتی اقامتی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔کوہلی نے کالا کوٹ میں کھرگلہ کے نزدیک منماماتا شرائین تک جانے والی سڑک کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔ تتا پانی میں لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے مختلف محکموں کے حکام کو لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔دور دراز علاقوں میں کیمپ منعقد کرکے 15ہزار سے زائد اسناد مختصر وقت میں جاری کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے لوگوں کے تئیں خدمت کے جذبے کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جانکار ی دی کہ مصنوعی جھیل کے پروجیکٹ پر 4.22کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے اور یہاں مختلف سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔اس پروجیکٹ کی منصوبہ بندی آر ڈی اے کے ریگولر پلان اور کنورجنس کے تحت کی جارہی ہے ۔آر ڈی اے کے سی ای او نے وزیر کو اس سلسلے میں ضروری جانکاری فراہم کی ۔دورے کے دوران فیصلہ لیا گیا ہے کہ گرم چشموں کی ترقی کے لئے مناسب لے آوٹ پلان ترتیب دیا جائے گا۔اے سی آر عبدالقیوم میر ، سی ای او آر ڈی اے شوکت ملک ، ایس ڈی ایم کالاکوٹ خالد وفا اور ضلع انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔