راجوری //بھارتیہ جنتاپارٹی کی ایگزیکٹو باڈی کی ریاستی سطح کی دوروزہ میٹنگ سنیچر کی شام راجوری میں شروع ہوگئی ۔پہلے روز کے اجلاس میں لیڈران نے پارٹی کارکنان کے ساتھ تبادلہ خیال کیاجبکہ دوسرے روز تفصیلی طور پر معاملات زیر بحث لائے جائیںگے۔سنیچر کے روز ہوئے اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کی جبکہ آج ہونے جارہا اجلاس پارٹی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ کی صدارت میں ہوگا۔اجلاس میں پارٹی کے ممبران پارلیمان و ممبران قانون سازیہ بھی شرکت کریںگے ۔ سنیچر کے روز یہ اجلاس ڈاک بنگلہ میں شام پانچ بجے شروع ہواجس میں ڈاکٹر جتندر سنگھ کے علاوہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، پارٹی کے ریاستی صدر ستپال شرما، ممبر پارلیمنٹ جموں پونچھ جگل کشور شرما اور دیگر کئی سینئر لیڈران بھی موجو دتھے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھاجپا کی طرف سے راجوری میں اتنے بڑے پیمانے پر پہلی بار کوئی اجلاس ہورہاہے ۔