راجوری //محکمہ بجلی نے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال کی ہدایت پر بجلی چوری کے خلاف مہم جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ نظام میں تبدیلی لانے کیلئے کئی کئی سال سے ایک ہی جگہ تعینات ملازمین اور افسران کا تبادلہ عمل میںلایاگیاہے ۔ضلع میں حکام کی طرف سے 121میٹر ریڈرس،ٹیکنیشزاور میٹر انسپکٹروںکے تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور محکمہ کے افسران نے بجلی فیس کی کم ادائیگی ،بجلی کے غیر قانونی کنکشن ودیگر مسائل کو دیکھتے ہوئے نظام میں اصلاح کا عمل شروع کیاہے ۔اس حوالے سے انہوںنے افسران و ملازمین کے تبادلے بھی کئے ہیں ۔حکام کے مطابق 42ایسے ملازمین اورافسران کو تبدیل کیاگیاہے جو پچھلے دس سے چوبیس برسوںسے ایک ہی جگہ تعینات تھے جبکہ 67ایسے ملازمین و افسران بھی تبدیل کئے گئے ہیں جو پچھلے تین سے دس برس سے ایک ہی جگہ ڈیوٹی کررہے تھے جبکہ کچھ نے ایک سال سے تین سال مکمل کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے یہ صاف کردیاہے کہ اب تعیناتیاں میرٹ ،کارکردگی اور حصولیابی کی بنیاد پر ہوںگی اور محکمہ میں نئی روح پھونکنے کی غرض سے پورے کیڈر کو تبدیل کردیاگیاہے ۔حکام کے مطابق یہ تبادلے ضروری ہوگئے تھے کیونکہ محکمہ کا نظام مایوس کن تصویر پیش کررہاتھا۔دریں اثناء نے محکمہ نے غیر قانونی کنکشن اور دیگر معاملات پر اپنی مہم جاری رکھی ہوئی ہے جس دوران 1193بار معائنہ کرکے 20.76لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔اس دوران 719غیر قانونی کنکشن کو باقاعدہ بنایاگیا جن کا کل بوجھ 498.08کلو واٹ ہے ۔محکمہ نے بھاری بوجھ کو دیکھتے ہوئے 50ٹرانسفارمروں کو تبدیل کرکے ان کی جگہ زیادہ وولٹیج والے ٹرانسفارمر نصب کرنے کا فیصلہ لیاہے ۔اس کے علاوہ محکمہ کی طرف سے چار ایف آئی آر بھی درج کرائے گئے ہیں ۔