راجوری//ضلع راجوری کے بالائی جنگلاتی علاقے میں تازہ تصادم شروع ہوئی ہے۔مذکورہ علاقے میں یہ امسال کا تیسرا آپریشن ہے۔ تھنہ منڈی کے بنگائی علاقہ میں گزشتہ ماہ 2 اور کالس علاقہ میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا تھا۔ تازہ انکانٹر اتوار کی صبح شروع ہوا اور آخری اطلاع موصول ہونے پر علاقے میں باقاعدہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع کے تھنہ منڈی اور مانجکوٹ کے بالائی حصوں کے درمیان واقع بالائی علاقوں میں کچھ مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معلومات کی بنیاد پر ، سیکورٹی فورسز نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات دہوری ماہل علاقہ کے جنگلات میںآپریشن شروع کیا اور اتوار کی صبح عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان رابطہ قائم ہوا۔فوج اور پولیس کی مشترکہ سرچ پارٹی گھنے جنگلات کی طرف بڑھ رہی تھی جب وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی جس پر فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جموں زون کے پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مکیش سنگھ نے بتایا کہ آپریشن جاری ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ اب تک ایک عسکریت پسند کوہلاک کیا جا چکا ہے لیکن جب تک لاش برآمد نہیں ہوتی اس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ آپریشن کے دوران 9پیرا ایلیٹ فورس کا جیون کمار نامی اہلکار زخمی ہوا۔