راجوری //گزشتہ دنوں راجوری ضلع کے چکلی علاقہ میں ہوئے قتل کے بعد پولیس تحقیقات میں مقتول کی بہن کی ہوئی گرفتاری کے بعد راجوری ضلع میں لوگ شدید صدمے میں ہیں اور انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔غور طلب ہے کہ ضلع کے چکلی علاقہ میں ایک 27سالہ نوجوان کو بُری طرح سے قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات شروع کرتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی تھی ۔اس سلسلہ میں پیر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی راجوری نے کیس کو حل کرنے کا دعوایٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سلسلہ میں 3ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک مقتول کی بہن اور اس کا عاشق بھی شامل ہے ۔قتل کیس کی تحقیقات کے دوران ملی کامیابی کے بعد راجوری میں ہر ایک طبقہ کے لوگوں میںبہن کی جانب سے بھائی کا قتل کروانے کے سلسلہ میں غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔لوگوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس واقعہ کو انسانیت کا قتل قرار دیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔محمد جمیل نامی ایک صارف نے اپنے اکائونٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ عمل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔انیل ورمانامی ایک شخص نے کہاکہ مذکور ہ واقعہ پر انسانیت کو یقین ہی نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت اور مثالی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔