جاوید اقبال
مینڈھر// منجاکوٹ سے بھمبرگلی تک جانے والی اہم رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی برس گزر جانے کے باوجود متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی مرمت اور بحالی کے لئے کوئی مؤثر اقدام نہ اٹھائے جانے پر عوام میں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ گریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، جبکہ بڑے بڑے گڑھے پڑ جانے سے سفر نہایت دشوار اور خطرناک بن گیا ہے۔ عوام کے مطابق بعض مقامات پر سڑک کی سطح مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے اور حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ منجاکوٹ اوربھمبرگلی کے درمیان یہ سڑک ایک اہم رابطہ ذریعہ ہے، جس سے روزانہ سینکڑوں افراد سفر کرتے ہیں، مگر اس کی بگڑتی ہوئی حالت نے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، کیونکہ سڑک پر پانی جمع ہونے سے کیچڑ اور پھسلن پیدا ہو جاتی ہے، جس سے گاڑیوں کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔عوام کے مطابق مریضوں، طلبہ، سرکاری ملازمین اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو شکایات پیش کی گئیں اور سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا گیا، مگر محکمہ کی جانب سے صرف یقین دہانیاں دی گئیں اور عملی طور پر کوئی خاطر خواہ کام انجام نہیں دیا گیا۔مقامی باشندوں نے متعلقہ حکام اور محکمہ گریف سے اپیل کی ہے کہ منجاکوٹ تا بھمبرگلی سڑک کی فوری بنیادوں پر مرمت، پختگی اور ازسرنو تعمیر کا کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات مل سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد سڑک کی حالت بہتر نہ بنائی گئی تو عوام احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔