یواین آئی
ڈلاس/سپر اسٹار لیونل میسی ایک پنالٹی سے محروم رہے ، لیکن ان کے ریکارڈ دو گولوں کی مدد سے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے آسٹریا کو فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ جے کے میچ میں پیر کو 2-0 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں داخلہ حاصل کرلیا۔میسی ان دو گولوں کے ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ۔ ان کے موجودہ ورلڈ کپ میں پانچ گول ہوچکے ہیں۔
انہوں نے الجیریا کے خلاف 3-0 سے جیت میں ہیٹ ٹرک لگائی تھی۔ فٹ بال کے گاڈ سمجھے جانے والے میسی 24 جون کو 39 سال کے ہو جائیں گے ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا کر خود کو سالگرہ کا پیشگی تحفہ دے دیا ہے ۔میسی نے پہلے ہاف کے شروع میں ایک پنالٹی پر شاٹ گول کے باہر مار دیا۔ تاہم انہوں نے واپسی کرتے ہوئے 38ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی، میسی نے پھر میچ کے انجری ٹائم کے پانچویں منٹ میں دوسرا بہترین گول داغ کرکے جیت پکی کردی۔اپنے پہلے گول کے ساتھ، میسی نے میروسلاو کلوز کا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16 گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس میچ کے بعد ان کے اب 18 گول ہو گئے ہیں۔