راجوری//ضلع انتظامیہ نے سوشل میڈیا پروائرل ان الزامات کی تردید کی ہے جس میں درہال علاقہ میں سڑکوں کی تعمیر کو پس پشت ڈالنے کی بات کہی گئی تھی۔ سرکاری ترجمان کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں اہم سڑکوں کی تجدید کاری کا سلسلہ زیر تکمیل ہے جس میں راجوری درہال پروڑی سڑک بھی شامل ہے ، اس پر33کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ترجمان نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا ہے کہ درہال بس اڈہ سے اقبال گیٹ تک 1کلو میٹر جب کہ چھتیار سے کاسیاں تک ڈیڑھ کلو میٹر سڑک پر میکڈم بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جسے ایک ہفتہ میں 80لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا جائے گا۔ ادس کے علاوہ درہالی پل تا چھتیار تک 1.5کلو میٹر سڑک کی حال ہی میں مرمت کی گئی تھی جس پر 50لاکھ روپے صرف ہوئے جب کہ سائیں گانجی کی زیارت سے کیمری گلی تک 2.5کلو میٹر حصہ اور باغ چٹی بکری روڈ پر میکڈم بچھانے کا کام چند ہفتوں کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید یقین دلایا ہے کہ چودھری ناڑ سے ڈھڈاج تک 8کلو میٹرطویل سڑک کو 2.50کروڑ روپے کی لاگت سے رواں مالی برس کے اواخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم 11.40کلو میٹر طویل کاسیاں درہال تھنہ منڈی روڈ اور 16کلو میٹر درہال پروڑی سڑک پی ایم جی ایس وائی PMGSYکے ذریعہ تعمیر کی جائے گی جس کے لئے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں اور کام الاٹ منٹ کیلئے کنٹریکٹ کمیٹی کے سپرد کر دئیے گئے ہیں جب کہ ٹھیکیدار کو مشینری وغیرہ متحرک کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لینے کے لئے عدالتی سٹے وغیرہ ختم کروانے کے لئے کڑی مشقت کرنا پڑی اور اس میں اچھا خاصا وقت بھی برباد ہوا تھا۔