جموں//پیر پنجال خطے کو ہیر ٹیج اور ایڈونچر سیاحت کا خزانہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ملک بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے مغل روڑ پر ثقافتی مقامات کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔کل جموں میں پونچھ اور راجوری ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کی گورننگ باڈی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پیر کی گلی، نوری چھمب ، چھنگی ، مغل سرائے، بھمبر گلی ، پرانے پونچھ قلعہ اور دیگر مقامات کو فروغ دینے کے لئے کہا تاکہ ثقافت اور تواریخ کے شوقین سیاح بڑی تعداد میں سیر کرنے آئیں ۔وزیر اعلیٰ نے مغل روڑ کے اطراف فوڈ کوٹ وئیو پوائنٹ اور ریسٹ روم قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ پورے پیر پنجال خطے کو سیاحتی مرکز کے طور فروغ دیا جاسکے ۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو طلباء کو اِن علاقہ جات کی سیر کروانے کی ہدایت دی تاکہ ہماری مستقبل کی نسلوں کو ریاست کو بہتر ڈھنگ سے جاننے کا موقعہ مل سکے ۔محبوبہ مفتی نے زیارت حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ تک کیبل کار پروجیکٹ لے جانے اور تتا پانی میں مصنوعی جھیل کے قیام کی گنجائش تلاش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زیارتِ حضرت باجی میاں محمد اسماعیلؒ جھنڈی راجوری میں سیاحتی سہولیات کو فروغ دینے کے بھی احکامات دئیے۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ پٹلی قلعہ کو ترانکا میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے کنورجنس موڑ کے تحت ایکو ٹوراِزم پارک قائم کی جارہی ہے جسے اگلے سال عوام کے لئے وقف کیا جائے گا۔ وزیرا علیٰ کو بتایا گیا کہ مغل روڑ پر اِن سہولیات کے فروغ پر 5 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ ٹریکنگ کرنے والے افراد کے لئے نوری چھمب میں بیس کیمپ بھی قائم کیا جارہا ہے۔امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، پشو پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی ، اراکین قانون سازیہ چودھری قمر حسین ، رویندر رینہ ، وبودھ گپتا او رسریندر چودھری، راجوری ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی جبکہ وزیر مملکت پریاسیٹھی اراکین قانون سازیہ جاوید رانا ، شاہ محمد تانترے پردیپ شرما اور ڈاکٹر شہناز گنائی پونچھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ میں موجود تھے۔اس کے علاوہ میٹنگوں میں سیکرٹری سیاحت محمد حسین ملک ، اضلاع کے ڈپٹی کمشنراں ، ناظم سیاحت جموں سمیتا سیٹھی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔