سرینگر/گانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے جمعرات کو کشمیری آئی اے ایس آفیسر، شاہ فیصل کے مستعفی ہونے کو ''بدقسمتی'' سے تعبیر کرتے ہوئے تاہم کہا کہ دنیا کشمیر کی صورتحال کے بارے میں شاہ کے غم و غصے اور چیخ و پکار کا نوٹس لے گی۔
چدمبرم نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا''شاہ فیصل کا مستعفی ہونا بدقسمتی ہے۔ اُن کے بیان کا ایک ایک لفظ صحیح ہے۔ پوری دنیا شاہ فیصل کے غم وغصے کا نوٹس لے گی''۔
شاہ فیصل نے گذشتہ روز انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ بقول اُنکے کشمیر میں جاری ہلاکتوں اور بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار کیخلاف بطور احتجاج پیش کیا۔
شاہ فیصل پہلے کشمیری ہیں جنہوں نے آئی اے ایس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔