مینڈھر//مینڈھر انتظامیہ نے دیوالی کے تہوارکے پیش نظرقصبہ میں دوکانوں کا معائنہ کیا۔اس دوران تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں ایک ٹیم نے بازار کا چکر لگایا جس میں نائب تحصیلدار مینڈھر کے علاوہ ٹی ایس او مینڈھر اور مینڈھر پولیس بھی تھی۔انتظامیہ نے کئی کوئنٹل پرانی مٹھائی کو ضائع کیا اور موقعہ پر دوکانداروں کو چار ہزار روپے جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلا ف مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس کو ہدایت دی ۔اس دوران آئس کریم کی ایک دوکان کو بھی بند کرنے کا حکم دیاگیا ۔ انتظامیہ نے دوکانداروں کو کہاکہ ناجائز منافع خوری کو بند کیا جائے ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔وہیں لوگوں اور کچھ دوکانداروںنے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تہواروں کے دوران صرف چند دوکانوں کو چیک کیا جاتا ہے جبکہ یہاں پر روٹی پکانے والے ہوٹل دونوں دونوں ہاتھ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں لیکن ان کو کوئی نہیں پوچھتا اور ہر چیکنگ کے دوران کچھ ہی دوکانیں انتظامیہ کے نشانے پر ہوتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر دیکھا جائے تو مینڈھر بازار میں ہر ہوٹل پر چھوٹے گیس سلینڈر لگے ہوتے ہیں جبکہ ان چھوٹے گیس سلینڈروں کو ہوٹل والے قانوناًاستعمال نہیں کر سکتے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ بازار میں چیکنگ کے دوران ہر دوکان کامعائنہ کیاجائے اور باقاعدہ ریٹ لسٹ چسپاں کرکے دوکانداروں کو اس کا پابند بنایاجائے ۔تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ کسی بھی دوکاندار کو ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دی جائے گی اورانہوںنے ایک دوکان کو بند کرنے کا حکم دیاہے جبکہ دو دوکانداروں کے خلاف پرانا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ وہ پرانا سامان فروخت کررہے تھے ۔