سرنکوٹ//سب ڈیویژن سرنکوٹ کے دھندک گائوں کے لوگوںنے واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل میں تاخیر پر متعلقہ حکام کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر لگ بھگ تین گھنٹے تک ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی ۔مظاہرین نے دھندک مندر کے نزدیک سڑک بند کرکے محکمہ پی ایچ ای اور دیگر حکام کے خلاف نعرے بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کا برسوں قبل کام شروع ہواتھا جس کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ وہ پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس گئے ہیں لیکن متعلقہ حکام کوئی توجہ نہیں دے رہی اور ان کا مسئلہ حل نہیں کیاجارہا۔ انہوںنے الزام لگایاکہ اس علاقے کو نظرانداز کیاجارہاہے ۔ اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے شہزاد خان ،عاشق حسین شاہ ،محمود خان اورمحمد رزاق نے کہاکہ تین سال پہلے ایک بور ویل لگایا گیا لیکن اس کی موٹر جل گئی اورلوگوں کو پانی وقت پر نہیں مل رہاانہوںنے کہاکہ تین سال بیگ گئے ہیں لیکن محکمہ نے موٹرنہیںلگائی ۔ان کاکہناہے کہ نہ ہی محکمہ کو اور نہ ہی ممبراسمبلی کو ان پر رحم آرہاہے اور وہ خشک سالی کے اس موسم میں پانی کیلئے ترس گئے ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ اس سلسلے میں انہوںنے ایکسن پونچھ اور اے ای ای سرنکوٹ سے بھی بارہا اپیل کی لیکن ہر بار ٹال دیاگیا۔ان کاکہناتھاکہ ان کی خواتین کو دور دراز سے پانی سروں پر اٹھاکر لاناپڑتاہے ۔احتجاج کے لگ بھگ دوگھنٹے کے بعد محکمہ پی ایچ ای کے اے ای ای اور نائب تحصیلدارلسانہ و پولیس انسپکٹر موقعہ پر پہنچے جنہوںنے یقین دلایاکہ بہت جلد پانی کی سپلائی کا مسئلہ حل کردیاجائے گا۔ تاہم لوگوں نے انتباہ دیاکہ اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو وہ پھر سے سڑک بند کرکے احتجاج کریںگے ۔