کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت دھندو ٹ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مکینوں نے محکمہ آب رسانی اور ضلع انتظامیہ راجوری کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے بدھل سانگڑی سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حالیہ کئی دنوں سے علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت پائی جارہی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔بھاجپا یوتھ وینگ کے ترجمان منظور احمد نائیک نے اس دوران کہا کہ دھندوٹ گائوں کی عوام گزشتہ 15ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کررہے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگ بالخصوص خواتین کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کیلئے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ متعدد مرتبہ ٹیلی فون پر بات چیت کرنے کے باوجود بھی سہولیات بحال نہیں کی جاسکی ہیں ۔مظاہرین نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو متحرک کرنے میں انتظامیہ ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں پانی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے اور لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔