شوپیان//ضلع شوپیان میں جمعرات کی شب قریب لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق ضلع اسپتال میں نصب آکسیجن پلانٹ کو کھول کر گاڑیوں میں رکھ کر کسی اور ضلع میں لے جایا جا رہا تھا تاہم مقامی لوگوں نے مساجد میں لاڈ اسپیکروں کے ذریعہ لوگوں کو اس کارروائی کیخلاف احتجاج کرنے کیلئے کہا جس کے فوراً بعد کافی تعداد میں لوگ اسپتال احاطے میں جمع ہوگئے اور آکسیجن پلانٹ کے سازو سامان، جو گاڑیوں میں لوڈ کیا گیا تھا ،کو اتار کر واپس اسپتال میں رکھ دیا۔ لوگوں کی کافی تعداد نے خاموش احتجاج کیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کافی کوششوں کے بعد ضلع اسپتال میں آکسیجن پلانٹ نصب کیا گیا تاہم نا معلوم وجوہات کی بنا پر اسے دوسرے ضلع میں منتقل کیا جارہا تھا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہرایا ۔چیف میڈیکل آفیسر شوپیان نے اس حوالے سے کوئی بھی بات کرنے سے انکار کیا۔صدر بارایسوسیشن شوپیان شبیر احمد کلے نہ اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ اور اسپتال عملہ جلد از جلد لوگوں کے سامنے آئے اور حقیقت لوگوں کے سامنے رکھیں ورنہ بار ایسوسیشن دوران رات آکسیجن پلانٹ کی منتقلی کو غیر قانونی طور پر لے جانے کے خلاف کیس دائر کرے گی۔