مینڈھر//مینڈھر سے کالابن جا رہی بس کے ڈرائیور کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیاجس سے اس کی موت ہوگئی ۔تاہم اس دوران گاڑی میں بیٹھے مسافر حادثہ ہوتے ہوتے بچ گئے۔ جوں ہی اس کے سینے میں درد ہواتو اس نے فوری طور بس کو سڑک کنارے رکھااورچالیس مسافروں کی جان بچا کر خود موقعہ پر ہی جان دے بیٹھا۔مینڈھر سے کالابن جا رہی بس زیر نمبر JK02M-5807جب چھونگاں کے مقام پر پہنچی تو ڈرائیور کو اچانک سینے سے درد نکلا جس نے فوری طور بس کو سڑک کے کنارے نالی میں کھڑاکیا اوراسی اثناء وہ بے ہوش ہو گیا۔ تمام لوگوں نے ڈرائیور کے لئے دعائیں مانگنا شروع کیںلیکن ذوالفقار احمد نامی اس ڈرائیور کو ہوش نہ آیا جس کے بعد اسے سب ضلع ہسپتال مینڈھر پہنچایا تو ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا ۔عینی شاہدین کاکہناہے کہ اگرڈرائیور ہمت نہ کرتا تو بس کئی سو فٹ نیچے کھائی میں چلی جاتی اور کئی لوگ اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھتے لیکن اس نے جان دے دی اورگاڑی میں سوار 44لوگوں کو بچا لیا۔مینڈھر پولیس نے کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کے لئے لواحقین کے حوالے کردیا۔اس ڈرائیور کی پہچان ذوالفقار احمد ولد عبد الخالق سکنہ چھونگاں کے طور پر کی گئی ہے۔ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے کا کہنا ہے کہ ابھی بس نے پچیس کلو میٹر سفر طے کیا تھا کہ ڈرائیور کو اچانک دل کا دورہ پڑ گیالیکن اس نے44آدمیوں کی جان بچانے کے بعد اپنی جان دے دی۔