پونچھ//بھارتیہ جنتا پارٹی پر ملک کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کاالزام عائد کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ370کی بحالی ہمارا ایجنڈا ہے اور اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔پونچھ ڈاک بنگلہ میں ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آئی ہے، وہ جمہورت کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی پارلیمٹ میں کوئی قانون بنتا ہے پہلے ان کی رضا مندی حاصل کی جاتی ہے جن کے لئے اس قانون کو بنایا جاتا ہے لیکن جب کسانوں کے لئے زرعی قوانین بنائے گئے ان سے نہیں پوچھا گیا،یہی وجہ ہے کہ کسان دومہینوں سے سڑکوں پر اتر کر اس بل کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ہمارے ملک کے لئے اس وقت بہت بڑا چیلنج جمہوریت کو بچانا ہے ۔انہوں نے کہا’’موجودہ حکومت ملک کو تتر بتر کرنا چاہتی ہے، یہ ملک کے ٹکرے کرنا چاہتی ہے ، ہندو مسلم، ہندو سکھ فسادات کروا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک کی عوام پس رہی ہے،سرحدوں پر روز گولی چل رہی ہے ، ملک کے اندرونی حالات بھی ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا ’’حکومت کے پاس کوئی ویژن نہیں۔پاکستا ن چائنہ کے ساتھ ہی نہیں ،پڑوسی ملک بنگلہ دیش، نیپال اور شری لنکاسمیت کسی بھی پڑوسی ملک کے ساتھ ہمارے رشتے ٹھیک نہیں ہیں جس کی ساری ذمہ داری موجودہ مرکزی حکومت پر ہے‘‘۔انہوں نے کہاموجودہ حکومت کی انتخابات جیتنے کے علاوہ کوئی پالیسی اور ایجنڈا نہیں ہے،ان کا ایک ہی فارمولہ ہے ہندو اور مسلم کو لڑائو اور حکومت کرو۔انہوں نے دفعہ 370کو ختم کئے جانے پربات کرتے ہوئے کہا کہ ڈوگرہ مہاراجوں نے جو خوبصورت ریاست بنائی تھی موجودہ سرکار نے اسے تباہ کر دیا، اسے کے دو حصے کر کے یہاں کی میراث کو سیل پر لگا دیا گیا،طرح طرح کے قوانین بنائے گئے ،نوجوان بے روزگار کر دیئے گئے ،یہاں کے لوگوں کی زمینیں جنگلات کے نام پر لے کر سرمایہ کاروں کو دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا ’’ جموں کشمیر کے لوگوں کودفعہ 370 بچا رہا تھا ،اس کو واپس لانے کے لئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی پڑے گی‘‘۔ اس سے قبل ورکرس میٹنگ میں بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا دو سالہ دور حکومت ان کے لئے کانٹوں سے بھرا تاج تھا لیکن اس کے باوجود بھی انہوں نے پی ڈی پی کے ایجنڈے کو زمینی سطح پر عملا کر ریاست کی تعمیرو ترقی کے لیے کام کیا
شاہدرا شریف زیارت پر حاضری دی
طارق شال
تھنہ منڈی// سابق وزیر اعلی اور صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے اتوار کی شام کو تھنہ منڈی کی معروف زیارت شاہدرا شریف میں حاضری دی۔ محبوبہ مفتی ،جو سرحدی اضلاع راجوری۔ پونچھ کے تین دورہ پر ہیں،نے آج دوسرے روز پونچھ سے براستہ ڈیرہ گلی تھنہ منڈی کے حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ کی زیارت شاہدرا شریف پہنچیں۔ انکے ہمراہ سابق ایم ایل سی سرندر چوہدری،سابق ایم ایل س فردوس ٹاک، وجے ڈوگرہ، راجندر منہاس، ست پال چاڑک،پرویز وفا، ورندر سنگھ سونو، رجٹ گپتا،ایڈوکیٹ ماجد شاہ اور احسن اکرام تھے۔یہاںراجوری اور تھنہ منڈی سے تعلق رکھنے والے پی ڈی پی کارکنان نے ان کااستقبال کیا۔ محبوبہ مفتی نے شاہدرا شریف میں مختلف وفود سے ملاقات کی اور یقین دھانی کرائی کہ جموں کشمیر میں جو غیر یقینی صورتحال بنی ہوئی ہے وہ جلد ختم ہوجائے گی۔ محبوبہ مفتی رات کو شاہدرا شریف میں قیام کریں گی اور پیر کے روز شاہدرا شریف سے ہوتے ہوئے راجوری میں اپنے ورکروں سے میٹنگ کریں گی۔