تھنہ منڈی // تھنہ منڈی سب ڈویژن کے دور دراز پہاڑی گاؤں درہ میں محکمہ آب رسانی کی جانب سے پاپئیںبچھانے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اس سلسلے میں مکینوں نے متعلقہ محکمہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے بچھائی جانے والی نئی پائپ لائنیں ان کیلئے سود مند ثابت ہونگی ۔انہوں نے بتایا کہ پرانی پائپوں کی جگہ پر نئی پاپئیں نصب کرنے کی وجہ سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ ڈیوٹی پر مامور محکمہ کے سپروائزر ممتاز خان نے بتایا کہ محکمہ کی کوشش رہے گی کہ زرعی زمینوں میں پاپئیں زمین کے نیچے دبائی جائیں تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں یہ پاپئیں بعد میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے بھی محفوظ رہیں گی۔ پنچایت برہون درہ کے وارڈ نمبر سات کے مکینوں نے بتایا کہ نئی پائپ لائن بچھانے کے بعد گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی قلت دور ہو جائے گی جس سے ہر آدمی راحت محسوس کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ مذکور کی جانب سے نئی پائپ لائن بچھانے کا عمل شد و مد سے جاری ہے جس کیلئے وہ انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔