راجوری//درہال کے ڈڈاج علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک غریب گھرانے نے حکومت ہندسے اپیل کی ہے کہ آٹھ روز قبل سعودی عرب میں ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہونیوالے ان کے نوجوان بیٹے کی نعش واپس لانے میں مدد کی جائے ۔ اہل خانہ نے بتایاکہ پینتیس سالہ بدر حسین ولد مرحوم نور حسین ساکن ڈڈاج سعودی عرب کے جدہ شہر میں پچھلے تین سال سے ٹرک چلارہاتھاجو سولہ ستمبر کو ایک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا تاہم اس کی نعش ابھی تک واپس نہیں لائی جاسکی ہے ۔بدر کے بھائی ذوالفقار نے بتایاکہ نعش واپس لانے میں اس وجہ سے تاخیر ہورہی ہے کیونکہ کفیل قانونی لوازمات پوراکرنے میں تاخیری حربے کررہاہے ۔بدر کی بزرگ والدہ غلام فاطمہ نے کہاکہ اس بڑھاپے میں جب بیٹا اس کا سہار انہیں رہا ،اس کی ایک ہی دعا ہے کہ اس کی نعش واپس لانے میں مدد کی جائے تاکہ وہ اس کا آخری دیدار کرسکے ۔بدر کی پسماندگان میں اس کی اہلیہ شبینہ کوثر ، چھ سالہ بیٹی سائلہ فردوس اور تین سالہ بیٹی صابیہ فردوس ہیں ۔اہل خانہ نے حکومت اور خاص کر وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کرکے نعش واپس لانے میں مدد کریں ۔