درہال // درہال راجوری سڑک کے پانچ کلو میٹر حصے پر تارکول بچھادیا گیا ہے تاہم سڑک کناروں پر نالی نہ بنانے کی وجہ سے روڈ دوبارہ خراب ہونے لگی ہے ۔ کئی مقامات پر مقامی لوگوں کی طرف سے غیر قانونی تجاوزات روڈ کناروں پر نالی بنانے میں رکاوٹ پید اکررہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سڑک کے کناروں پر نالی بنوانے کا مطالبہ کیاہے ۔دریں اثناء درہال ڈیولپمنٹ فورم اور کسان ویلفیئر سوسائٹی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ درہال پروڑی سڑک کی خستہ حالت کو بہتر بنایا جائے جو عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے ۔ان تنظیموں کے عہدیداروں نے کہا کہ لوگ مجبوراً گاڑیاں لیکر درہال پڑوری روڈ پر چل رہے ہیںلیکن یہ روڈ چلنے کے لائق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں دو حادثے ہوئے جس میں ایک شخص کی موت بھی واقع ہوگئی جو صرف روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ درہال علاقے میں سڑک رابطوں کی تعمیر پر توجہ دے جس کو ابھی تک نظرانداز کیاگیاہے۔