دربار میں آئے ہیں سردار پنچھیؔ

ہم کالی کملی والےؐ کے دربار میں آئے ہیں
اِیماں کی خوشبو سے مہکے گلزار میں آئے ہیں
اُن کی نظرِ کرم جب ہوتی

ملتے ہیں بِن مانگے موتی
جاگ جائے ہےقسمت سوتی

ہنس دیتی ہے روتی روتی
اِسی لئے ہم کوچۂ خمدار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
دُنیا بھر کے غم کے مارے

سچے دِل سے جب بھی پُکارے
اُن کو فوراً ملے سہارے

جھٹ پٹ کشتی لگی کنارے
نئے حوصلے بھی اپنے پتوار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
جسے ملی آقا کی غلامی

ختم ہوئی اُس کی گمنامی
جس نے اُن کی اُنگلی تھامی

دُور ہوگئی ہر اک خامی
ایسے ہی جذبات دلِ بے زار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
دِلی سکُون ملا ہے آکے

ایماں کا زر دولت پاکے
اپنے سارے درد بُھلا کے

خوش ہیں ہم سب عزت پاکے
میٹھے میٹھے لفظ بھی اب گُفتار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
یہ دربار تو رب کا گھر ہے

اِس میں رہنا ہی بہتر ہے
منزلِ زیست کا رہبر ہے

آبِ کوثر کی گاگر ہے
کئی خُلاصے پوشیدہ اسرار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
قدرت کا ہر راز یہاں ہے

اللہ کا اعجاز یہاں ہے
روزہ اور نماز یہاں ہے

زیست کا انداز یہاں ہے
ایسا لگتا ہے ہم کُوئے یار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
یہاں سے نئی ادا مِلتی ہے

ذہن کو نئی ضِیا ملتی ہے
آنکھ کو شرم و حیا مِلتی ہے

رُخ کو نئی رِدا ملتی ہے
پُھولوں کے پہلو بھی تِیکھے خار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
اصل میں ہے یہ در ہی جنت

وحدت کی ہے شان و شوکت
یہاں برستی ہے رب کی رحمت

بَونوں کو مِلتی ہے عظمت
پِنجرے کے یہ پنچھیؔ نئے سَنسار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
ہم کالی کملی والے کے دربار میں آئے ہیں
اِیماں کی خوشبو سے مہکے گلزار میں آئے ہیں

جیٹھی نگر، مالیر کوٹلہ روڑ، کھنہ پنجاب
موبائل نمبر؛9417091668