ڈوڈہ //دارالعلوم اسراریہ اسرار آباد محالہ ڈوڈہ کا سالانہ جلسہ اختتام پذیر ہوا جس دوران پانچ حفاظ کی دستار بندی عمل میں لائی گئی۔علما ء نے اس موقع پر بولتے ہوئے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اللہ و رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے بتائے ہوئے احکامات و قرآنی تعلیمات کے مطابق عملی زندگی گذار کر دنیا و آخرت کی کامیابی و کامرانی حاصل کریں۔مفتی جمال الدین نے قرآن مجید کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس کلام نجات کا واحد ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جہاں متقیوں کے لئے ہدائت ہے وہیں زندگی و آخرت کے ہر شعبے کی رہبری و رہنمائی کرتا ہے۔انہوں نے مدارس اسلامیہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دین کے وہ قلعے ہیں جہاں سے امن کا علمبردار و سچا داعی پیدا ہوتے ہیں۔علماء نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ مدارس، مکاتب و مساجد کا خاص خیال رکھیں اور حسب توفیق ان کی مالی معاونت کریں۔ تقریب کے آخر پر پانچ حفاظ کرام کی دستار بندی عمل میں لائی گئی۔