بڈگام // اومپورہ بڈگام ہاوسنگ کالونی میں تیندوے کے حملے میں چار سالہ بچی کی ہلاکت کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے خانصاحب علاقے میں ایک تیندوے کو قابو کرلیا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خانصاحب سے ملحقہ کھڈ پورہ گائوں میں ہفتہ کی صبح محکمہ جنگلی حیات نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ جال ڈالکر تیندوے کو پکڑ لیا۔مذکورہ تیندوا گذشتہ کئی روز سے رہائشی علاقوں میں گھوم رہا تھا جسکی وجہ سے وسیع علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کیا ہوا تھا۔ کھڈ پورہ کے مقامی لوگوں نے پولیس کواطلاع دی کہ علاقہ میں تیندوے کو گھومتے ہوئے پایا گیا جس کے فورا بعد محکمہ جنگلی حیات کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور تیندوے کو پہلے انجکشن سے بے ہوش کیا گیا اور بعد میں اسے داچھی گام پارک میں چھوڑ دیا گیا۔ادھر چرارشریف سے ملحقہ علاقوں میں بھی تیندوے کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے علاقہ میں عملہ وغیرہ تعینات کردیا ہے ۔